زرمبادلہ بڑھانے کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے رجوع کی تیاری

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما کا متوقع وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت بناتے ہی اہم اداروں کے سربراہ تبدیل کردیں گے۔ میرٹ پر نئے افسر مقرر کیے جائیں گے جس کیلئے تیاری کرلی ہے۔ منی لانڈرنگ میں ملوث نیشنل بینک کے صدر سعید احمد کو فوری ہٹایاجائے گا۔ معاشی مشکلات حل کرنے کیلئے سمندر پار پاکستانیوں سے رجوع کریں گے اور ان کیلئے خصوصی انویسٹمنٹ بانڈ جاری کیا جارہا ہے جس میں انہیں بھی مناسب منافع ملے گا اور ملک کو سرمایہ میسر آئے گا۔آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان خلیل کی حمایت کے حوالے سے کہا کہ اگر کسی کی داڑھی ہے اور امریکہ اسے ناپسند کرتا ہے تو کرتا رہے۔ میں امریکہ کی وجہ سے کسی سے ملنے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی ایل این جی سمیت تمام معاہدے قوم کے سامنے لائیں گے۔ اب کوئی چیز خفیہ نہیں رہے گی۔ بیرون ملک موجود لوٹا ہوا پیسہ واپس لانا ترجیح ہے۔ سوئس بینکوں میں پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالر کی تحقیقات کرائی جائے گی۔ اس کے ساتھ کفایت شعاری اور سادہ حکومت ہمارا موٹو ہوگا۔ وزراء کو بیرون ملک علاج کیلئے سہولت ختم کردیں گے۔ ٹیکس کا ریٹ نہیں بڑھائیں گے بلکہ ایسے شعبوں کی طرف جائیں گے جو ٹیکس نہیں دیتے۔ انہوں نے کہاکہ اب قانون کی حکمرانی ہوگی۔ زرداری سمیت سب افراد پر وہی قانون لاگو ہوگا جو عام آدمی پر لاگو ہوتا ہے۔ اسحاق ڈار کا پاسپورٹ منسوخ کرنے اور اسے واپس لانے میں بھی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں گاڑیوں کی قیمت اور ان پر اون ایک مسئلہ ہے۔ یہ ہماری نظر میں ہے۔ آٹو موبائل انڈسٹری کا پرفارمنس آڈٹ کرائیں گے تاکہ اصل صورتحال سامنے آسکے۔

Comments (0)
Add Comment