کراچی( اسٹاف رپورٹر) پارلیمانی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ انتخابات میں ایک بار پھر رکن قومی اسمبلی چنے جانے والے ایاز صادق اسپیکر قومی اسمبلی کے چناؤسے قبل خود سے بھی ایوان کی رکنیت کا حلف لے سکتے ہیں۔ قانون کے مطابق ایوان کے پہلے اجلاس میں ایاز صادق ہی تمام اراکین سے حلف لیں گے۔اسپیکر کیلئے ووٹنگ سے قبل تمام ارکان کیلئے حلف اٹھانا ضروری ہے۔ ماہرین کی رائے میں حلف برداری کے موقع پر دیگر اراکین کے ساتھ ایاز صادق اپنا بھی نام بولیں تو ان کا حلف بھی ہوجائے گا ورنہ انہیں پینل آف چیئرمین بنا کر اسپیکر کی کرسی چھوڑ کر ایوان میں آنا پڑے گا اور کوئی دوسرا سینئر رکن اجلاس کی صدارت کی کرسی پر بیٹھ کر ان سے حلف لے سکتا ہے۔ حلف اٹھائے بغیر اسپیکر کے انتخاب میں ایاز صادق کیلئے ووٹ ڈالنا مشکل ہوگا۔