دبئی (امت نیوز) ویرات کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں دنیا کے نمبر ایک بلے باز بن گئے، انہوں نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ آسٹریلوی کرکٹر سٹیون سمتھ کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کر دیا، اسطرح کوہلی ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے ساتویں بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ وہ 2011ء کے بعد ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہونے والے پہلے بھارتی بلے باز ہیں، بھارت کی جانب سے اس سے قبل سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، گوتم گھمبیر، سنیل گواسکر، وریندر سہواگ اور دلیپ وینگ سرکار بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، جونی بیئرسٹو 4 درجے ترقی پا کر 12ویں نمبر پر آ گئے، پہلے ٹیسٹ میں عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ثام کیورن کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے، بیٹنگ میں 152، بائولنگ میں 49 اور آل رائونڈرز میں 58 درجے لمبی چھلانگ لگائی ہے۔