کراچی( رپورٹ:محمد زاہدگلاب) کے الیکٹرک حکام نے پی آئی اے کے ریٹائر ملازم کو ایک لاکھ 24ہزارروپے کا اضافی بھیج دیا۔آئی بی سی رخ کرنے پر کے الیکٹرک حکام نے محمد سلیم پر بجلی چوری کا الزام لگا کرواپس گھر بھیج دیا۔ بل درستگی کیلئے نیپرا سے رجوع کیا،جس پر نیپرا نے بل میں 90ہزار روپے کی رقم ختم کرنے کا حکم دے دیا ،تاہم کے الیکٹرک حکام نے90ہزار کی رقم ختم کرتے ہی دوبارہ 90ہزار روپے کا اضافی بل بھیج دیا اور بجلی کاٹ دی۔’’امت‘‘ کو شاہ فیصل کالونی گولڈن ٹاؤن کے رہائشی محمد سلیم نے بتایا کہ میرا پلاٹ نمبر 6 ہے ۔120گز پر مشتمل پلاٹ میں 8 کمروں پرہیں‘محمد سلیم نےبتایا کہ گھر میں استعمال ہونے والے برقی آلات میں 8پھنکے ،10سیور ،2ٹی وی،2فریج اور ایک پانی کی موٹر شامل ہے۔محمد سلیم نے بتایا کہ نومبر 2015میں میرے گھر پر لگے میٹر نمبرSS068747،اکاونٹ نمبر 0400011579432 اور کنزیومر نمبرAL464165 پر کے الیکٹرک حکام نے ایک لاکھ 24ہزار روپے کا بل بھیج دیا۔ بل کی درستگی کیلئے آئی بی سی پہنچا۔ کے الیکٹرک حکام نے محمد سلیم کو بتایا کہ آپ کے گھر کا سروے کروایا جائے گا ۔اس کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ ایک ہفتہ گزرجانے کے باجود کے الیکٹرک حکام کی کوئی ٹیم گھر پر سروے کے لیے نہیں آئی ،جس پر میں دوبارہ گیا ،آئی بی سی جنرل مینیجر نے بتایا کہ آپ کے گھر میں بجلی چوری کے شواہد ملے ہیں ،جس کے باعث آپ کو مذکورہ بل بھیجا گیا ہے۔ میں نے بتایا کہ میرے گھر پر کسی قسم کی بجلی چوری کا استعمال نہیں ہے۔ سلیم نے بتایا کہ کے الیکٹرک حکام کی بے حسی سے تنگ آکر میں نے نیپرا سے رجوح کا فیصلہ کیا ۔دسمبر 2015میں نیپرا حکام کو ایک درخواست لکھی۔ اگلے ہی ماہ مجھے نیپرا کی جانب سے جواب موصول ہوا ،جس میں لکھا تھا کہ صارف کے بل میں 90ہزار روپے کی اضافی رقم ختم کی جائے ۔مذکورہ لیٹر موصول ہوتے ہی میں آئی بی سی پہنچا تو کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ آپ کے بل میں اضافی رقم ختم کردی گئی ہے ،لہذا آپ صرف 34ہزار روپے کی ادائیگی کردیں،جس پر محمد سلیم نے کے الیکٹرک حکام کوبتایا کہ آئندہ موصول ہونے والے بل کے ساتھ ہی یکمشت ادائیگی کردوں گا۔سلیم نے بتایا کہ جنوری کے ماہ مجھے دوبارہ سے 90ہزار روپے کا بل بھیج دیا گیا ،جس کو لے کر میں دوبارہ آئی بی سی گیا تو کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ آپ کو جو بل موصول ہوا ہے ،اس کی ادائیگی آپ کو لازمی کرنا پڑے گی نہیں تو بجلی منقطع کردی جائے گی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ کچھ ماہ بعد کے الیکٹرک حکام نے میرے گھر کاسروے کرکے میرے پلاٹ کی بجلی ایک سال سے منقطع کردی ۔محمد سلیم کا کہنا تھا کہ انصاف کے حصول کے لیے3سال سے آئی بی سی کے چکر کاٹ رہا ہوں ،لیکن مجھے انصاف فراہم نہیں کیا جارہا ہے۔ میری کے الیکٹرک حکام کے اعلیٰ افسران سے گزارش ہے کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔