مغوی پی ایس پی کارکن کی تشدد زدہ لاش برآمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) لانڈھی سے پی ایس پی کارکن کی گلا کٹی تشدد زدہ لاش ملی۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش معلوم ہوتا ہے، جبکہ جوہر سے لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے وجہ موت طبعی قرار دے دی۔ تفصیلات کے مطابق بیت الحمزہ گراؤنڈ کے قریب واقع نجی اسکول کے قریب سڑک سے ایک شخص کی گلا کٹی لاش ملی، جس کی اطلاع پر پولیس نے لاش تحویل میں لینے کے بعد جناح اسپتال منتقل کردی۔ ایس ایچ او لانڈھی شہزاد علی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 24 سالہ تابش ولد تقی کے نام سے کی گئی جو اسی علاقے کا رہائشی اور پاک سر زمین پارٹی کا کارکن تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے تابش کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور گلا کاٹ کر لاش پھینک دی، مقتول کے گھریلو واقعات کافی اہم ہیں اور خدشہ ہے کہ اسے دشمنی یا گھریلو رنجش کی بنا پر مارا گیا ہے۔ مقتول تابش ایک بچے کا باپ تھا اور 7 ماہ قبل مقتول نے اپنی بیوی کو طلاق دی تھی، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا بھی مقدمہ درج ہے اور مقتول ایک مرتبہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں گرفتار بھی ہو چکا ہے۔دوسری جانب گلستان جو ہر کے علاقے بلاک نمبر 2مکان نمبر A-34سے 15سالہ عمرانہ دختر مرید حسین کی لاش ملی، جسے پولیس نے جناح اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹرز نے وجہ موت طبعی قرار دی ہے جبکہ متوفیہ کے والد نے کہا کہ عمرانہ کئی روز سے بیمار تھی۔

Comments (0)
Add Comment