کراچی (اسٹاف رپورٹر ) لیاقت آباد میں دھاتی ڈور نے موٹر سائیکل پر سوار بچی کی جان لے لی، متوفیہ دوسری جماعت کی طالبہ اور والدین اور چھوٹے بھائیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سیر کیلئے نکلی تھی۔ متوفیہ کے والد نے حکومت سے دھاتی ڈور پر پابندی کامطالبہ کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیہ کے والد نے قانونی کارروائی سے انکار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق غریب آباد سے لیاقت آباد جانے والی سڑک سر شاہ سلیمان روڈ پر انڈر پاس کے قریب موٹر سائیکل پر سوار بچی کے گلے پر اچانک خونی پتنگ کی ڈور پھر گئی اور اس کی گلا کٹنے سے شدید زخمی ہو گئی، جس پر اسے فوری عباسی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پر اس نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ ایس ایچ او شریف آباد عظیم بیگ نے بتایا کہ 10سالہ متوفیہ طیبہ دختر افضال ایف سی ایریا کی رہائشی تھی اور واقعے سے قبل اپنے والدین اور 2 بھائیوں کے ہمراہ سیر کیلئے نکلی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ متوفیہ کے والد نے کارروائی سے انکار کیا ہے۔ دوسری طرف متوفیہ کے والد افضال کا کہنا تھا کہ طیبہ دوسری جماعت کی طالبہ اور میرے ساتھ گھومنے نکلی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے وقت غریب آباد میں مویشی منڈی لگنے کے باعث ٹریفک جام تھا، اسی دوران واقعہ رونما ہوا، متوفیہ 3 بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی۔