لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت والی دفعہ 35Aختم کرنے کی کوششوں کیخلاف دوسرے دن بھی مکمل ہڑتال رہی جس سے پورے کشمیر میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔اس دوران زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ سری نگر میں تاجروں سمیت کشمیریوں کی بڑی تعداد نے سونہ وار اقوام متحدہ دفتر کی جانب مارچ شروع کیا تو بھارتی فوج نے شرکاء کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ نہتے کشمیریوں پر آنسو گیس کی شیلنگ ، لاٹھی چارج اور پیلٹ گن کے چھرے برسائے گئے۔ احتجاجی مارچ کا انعقاد کشمیر اکنامک الائنس کے زیر اہتمام تاجروں کی جانب سے کیا گیا تھا۔جموں اور کارگل میں بھی ہڑتال کی گئی۔ بزرگ کشمیری قائد سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے نہتے کشمیریوں پر بدترین تشدد اور کشمیریوں کی قتل و غارت گری کی شدید مذمت کی ہے۔