ملزمان کو بلوچ علیحدگی پسند دہشت گردوں کی سرپرستی حاصل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے والے ملزمان کو بلوچستان کے علیحدگی پسند دہشت گرد گروپوں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے اور یہ گروپ ہی گاڑیاں چھیننے والے ملزمان کو چھپنے کی جگہ ، اسلحہ اور ٹریکر ناکارہ بنانے کی تربیت فراہم کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اب تک کراچی پولیس کے ہاتھوں گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث جو بھی ملزمان گرفتار ہوئے ہیں ۔ان میں سے زیادہ تر ملزمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں عبدالرحمن مگسی ، عبدالنبی جتوئی،اصغر جاگیرانی ، شبیر کلہوڑو، گلشن گوپانگ ، نواز لغاری، رجب لغاری اور حاجی قطب الدین مندرانی نیٹ ورک چلاتے ہیں۔ملزمان کا زیادہ شکار وہ گاڑیاں ہوتی ہیں جو سرکاری نمبر پلیٹ کی حامل ہوتی ہیں اور ایسی گاڑیاں بلوچستان میں متحرک بلوچ علیحدگی پسند دہشت گرد زیادہ پسند کرتے ہیں ، کیونکہ سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑیوں سے نقل اور حرکت میں آسانی ہوتی ہے۔ایسی گاڑیوں کی زیادہ تلاشی بھی نہیں لی جاتی ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ جو گینگ کے کارندوں کو ٹریکر ناکارہ بنانے کی تربیت بھی بلوچستان میں موجود بی ایل اے کے دہشت گرد دیتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ سگنل جام کرنے کے آلات بھی انہیں بی ایل اے کے دہشت گرد فراہم کرتے ہیں، جو زیادہ تر روسی ساختہ ہوتے ہیں۔ایسے کئی ٹریکر پولیس پکڑے جانے والے ملزمان سے برآمد کر چکی ہے ۔ملزمان کو جب اپنے گرد گھیرا تنگ ہوتا محسوس ہوتا ہے تو یہ بلوچستان فرار ہوجاتے ہیں، جہاں ان کو بلوچ علیحدگی پسند دہشت گردوں کی جانب سے محفوظ پناہ گاہیں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment