کراچی (امت نیوز) پاکستانی خواتین بھی شطرنج کی ماہر بن گیئں۔ملکی ٹورنامنٹس میں کامیابی کے بعد جارجیا کے شہر باتومی میں بھی پاکستانی خواتین باسط پلٹنے کیلئے تیار ہیں۔اس سے قبل چھٹی قومی خواتین شطرنج چیمپئن شپ کے فائنل رائونڈ کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر لیڈ کرنے والی ذینوبیہ واصف نے 7 میں سے 6.5 پوائنٹس بنا کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح انہوں نے کل 6 چیمپئن شپ میں سے 4 میں کامیابی حاصل کر کے ریکارڈ قائم کردیا۔ ذینوبیہ نے اس چیمپئن شپ میں ناقابل شکست رہنے کا بھی ریکارڈ قائم کیا جبکہ دوسری پوزیشن لاہور کی مہک گل نے حاصل کی جوکہ ان سے ایک پوائنٹس پیچھے تھی۔ مہک گل نے 7 میں سے 5.5 پوائنٹس بنا کر پوانٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن برقرار رکھی جبکہ تیسری چوتھی پانچویں اور چھٹی پوزیشن بالترتیب طوبیٰ فاروق (لاہور)، کشف کامران (ساہیوال)، سائرہ رفیق (لاہور) اور عینا شاہ (لاڑکانہ) نے پانچ، پانچ پوائنٹس کے ساتھ ٹائی بریک میں 33، 31، 30 اور 28 بشلز پوائنٹس اسکور کے ساتھ بالترتیب پوزیشن حاصل کی اور اس طرح پانچ پوزیشن رکھنے والی ذینوبیہ واصف، مہک گل، طوبیٰ فاروق، کشف کامران، اور سائرہ رفیق نے شطرنج اولمپیاڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ یاد رہے کہ 43 ویں شطرنج اولمپیاڈ جارجیا کے شہر باتومی میں منعقد کیا جارہا ہے۔