کراچی (امت نیوز) پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کو برطرف کرنے کیلئے راہ ہموار ہوگئی ہے اور متوقع طور پر وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عمران خان انہیں فارغ کردیں گے۔ پیر کے روز پی سی بی کے 6 ریجنل صدور اور ڈومیسٹک کرکٹ کے سربراہ شکیل شیخ نے عمران خان سے ملاقات کی اور کرکٹ بورڈ میں کرپشن اور بدانتظامی سے آگاہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق وفد نے نجم سیٹھی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ بورڈ میں ہونے والی کرپشن کی تحقیقات کرائیں اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ ٹی وی کے مطابق وفد نے کرکٹ بورڈ کی صورتحال پر عمران خان کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کرکٹ بورڈ کے آئین کے تحت وزیراعظم چیئرمین کو برطرف کرسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کرکٹ بورڈ کا آئین تبدیل کرنے پر بھی کام کررہی ہے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کھیلوں کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اچھے کھلاڑی تیار کرنے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ مضبوط کرنا ہوگا۔