نو منتخب اراکین سندھ اسمبلی سے حلف کون لے گا-مشاورت شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر ہونے کے باعث نو منتخب اراکین سندھ اسمبلی سے حلف نہیں لے سکیں گے۔ آغا سراج درانی نے حلف کے معاملے پر آئینی ماہرین سے مشاورت شروع کر دی۔ سیکریٹری اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسمبلی کے قواعد کی شق (2)6 کے تحت گورنر اسپیکر کی عدم موجودگی میں کسی بھی فرد کو نو منتخب ارکان سے حلف لینے کیلئے نامزد کرسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق گورنر محمدزبیرکے استعفیٰ کے بعد آغا سراج درانی کے قائم مقام گورنر ہوجانےسےنو منتخب اراکین سندھ اسمبلی سے حلف لینے کا معاملہ دلچسپ صورت اختیار کر گیا ہے۔ نو منتخب اراکین سے حلف لینے اور اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے حوالے سے قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔قواعد کے تحت گزشتہ اسمبلی کا اسپیکر نو منتخب ارکان سے حلف لیتا ہے اور وہی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کرواتا ہے، تاہم آغا سراج قائم مقام گورنر ہونے کے باعث نو منتخب ارکان سے حلف نہیں لے سکتے۔ اس صورتحال کے پیش نظر قائم مقام گورنر آغا سراج درانی نے نو منتخب ارکان کے حلف کیلئے پیر کو آئینی ماہرین سے مشاورت کی۔ رابطہ کرنے پر سیکریٹری سندھ اسمبلی عمر فاروق برڑو نے امت کو بتایا کہ اس معاملے پر سندھ اسمبلی کے قواعد واضح ہیں، کوئی ابہام نہیں اور نہ ہی کسی آئینی پیچیدگی کا سامنا ہے، تاہم اس کے باوجود آئینی امور کے ماہرین سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ا سمبلی کے قواعد کی شق (2)6 کے تحت گورنر اسپیکر کی عدم موجودگی میں کسی بھی فرد کو نو منتخب ارکان سے حلف کیلئے نامزد کرسکتا ہے جبکہ آئین کی دفعہ 53 کی شق 3 میں بھی اس سلسلے میں وضاحت موجود ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ گورنر کی صوابدید پر ہے کہ وہ سابق جج، بیورو کریٹ یا پھر کسی سینیئر سابق رکن اسمبلی کو کو نامزد کرتے ہیں، تاہم اس سلسلے میں ابھی تک کوئی بھی نام سامنے نہیں آیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment