واشنگٹن ( امت نیوز) امریکی ریاست شکاگو میں گینگ وار چھڑ گئی، فائرنگ کے 4 مختلف واقعات نے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا ۔چاروں واقعات میں مجموعی طورپر12 افراد ہلاک اور71 زخمی ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے 4 مختلف واقعات دو سے ڈھائی گھنٹے کے دوران رونما ہوئے جس میں 70 سے زائد افراد کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ابتدائی طورپرفائرنگ کے واقعات گینگ وارکا شاخسانہ لگتا ہے تاہم پولیس دیگر پہلوؤں پر بھی تفتیش کررہی ہے۔فائرنگ کا پہلا واقعہ صبح 11 بجے پیش آیا جس میں 40 سالہ شخص ہلاک ہوگیا جس کے دو گھنٹے بعد 7 مزید افراد فائرنگ کے تبادلے کے دوران مارے گئے۔ بعد ازاں ان افراد کے مبینہ قاتلوں کو بھی گولی مارکر ہلاک کردیا گیا۔ دوطرفہ فائرنگ کی زد میں آکر دو خواتین سمیت کئی عام شہری بھی زخمی ہوئے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعات میں جرائم پیشہ افراد ملوث ہیں جنہیں گرفتارکرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق گینگ وار میں فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کے لئے سکیورٹی فورسز نے علاقے میں گشت بڑھا دیا ہے ۔