کراچی(اسٹاف رپورٹر) لانڈھی نمبر دو میں پی ایس پی کے کارکن تابش کے قتل کا معمہ حل ہوگیا ہے اور پولیس نے 3ملزمان حمید خان،نوید خان اور وحید خان کو گرفتار کرلیا ہے۔ گزشتہ روز کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر2 میں میدان سے پی ایس پی کے کارکن تابش تقی کی گلا کٹی لاش ملی تھی ۔ پولیس کے مطابق تابش کے قتل کا معمہ حل ہوگیا ہے اور قتل میں ملوث 2 بھائیوں سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مقتول تابش کو 2سگے بھائیوں نے قتل کیا ،جو مقتول کے دوست بھی تھے۔قتل میں ملوث گرفتار ملزم حمید نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے تابش کو غیرت کے نام پر قتل کیا، حمید کی منگیترمقتول کے گھر ٹھہری ہوئی تھی اور ملزمان کو شک تھا کہ اس نے لڑکی کے ساتھ زیادتی کی تھی ،جس پرانہوں نے تابش کوقتل کیا ،جس کے بعد ملزمان پکنک پر چلے گئے تھے، پولیس نے پکنک سے واپسی پر ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے۔