لیاری کی شاہراہوں پر غیر قانونی مویشی منڈیاں لگ گئیں

کراچی (رپورٹ: رفیق بلوچ/اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی کی جانب سے شہر میں جانوروں کی غیرقانونی منڈیوں پر پابندی احکامات کو پولیس اور ڈی ایم سیز انتظامیہ نے ہوا میں اڑا دیا ہے۔ شہر کے دیگر علاقوں کی طرح لیاری کی شاہراہوں پر پولیس و بلدیاتی ادارے کی سرپرستی میں غیرقانونی منڈیاں سج گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عید قربان کے ایام قریب آتے ہی مختلف علاقوں میں غیرقانونی منڈیوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں لیاری کی مختلف شاہراہوں محراب خان عیسیٰ خان روڈ، فقیر محمد درا خان روڈ، مرزا آدم خان روڈ، نیوکمہارواڑہ روڈ، چاکیواڑہ روڈ، شاہ عبداللطیف بھٹائی روڈ، شاہ ولی اللہ روڈ اور دیگر اہم سڑکوں پر قربانی کے جانوروں کے غیرقانونی منڈیوں میں جانوروں کی خریدوفروخت جاری و ساری ہے۔ جس کی وجہ سے مذکورہ باقی شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ پیدل سفر کرنے والے بڑی مشکل سے ان علاقوں سے گزرتے ہیں۔ اس کے علاوہ جانوروں کا فضلہ اور گھاس پھوس سے صفائی و ستھرائی کا نظام درہم برہم ہے۔ قرب و جوار کے رہائشیوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی کی انتظامیہ عید قربان سے قبل قانونی منڈیوں کا اعلان کرتی ہے ماضی کی طرح امسال بھی انتظامیہ نے سپرہائی وے پر سہراب گوٹھ، بکرا پیڑی آسو گوٹھ ضلع ملیر، بھینس کالونی ضلع ملیر، یوسف گوٹھ بلدیہ ٹاوٴن ضلع غربی، نارتھ کراچی منڈی ضلع وسطی کے قانونی منڈیوں کا اعلان کیا ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں منڈیوں کی قیام پر سختی سے پابندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس کے باوجود شہری انتظامیہ میں موجود کالی بھیڑیں بھتہ کی خاطر غیرقانونی منڈیوں کی سرپرستی کررہے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے قیام اور غیر رجسٹرڈ فلاحی اداروں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔رینجرز، پولیس، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور تمام ضلعی میونسپل کارپوریشنز کو غیر قانونی مویشی منڈیوں کے حوالے سے نافذ دفعہ 144پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے گی، اور اس مقصد کیلئے مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا جائے گا ۔ چیف سیکریٹری کی صدارت میں ہونے والے اجلاس سے متعلق محکمہ داخلہ کی طرف سے تیار کی جانے والی تفصیلی بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ قربانی کی کھالوں کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور انہیں سختی سے عملدرآمد کا پابند بنایا گیا ہے۔بریفنگ میں ضابطہ اخلاق بھی منسلک کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی غیر رجسٹرڈ فلاحی اداروں کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ رجسٹرد فلاحی ادارے کمشنر کراچی اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے این او سی حاصل کریں گے اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے حلف نامہ جمع کروائیں گے۔ کسی بھی سیاسی اور کالعدم تنظیم کو کھالیں جمع کرنے کے لئے کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نیکٹا کی طرف سے پورے ملک کی طرح کراچی میں بھی دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے حوالے سے مسلسل ہدایات موصول ہو رہی ہیں جن کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی گئی ہے اور دفعہ 144نافذ کر دیا گیا ہے ۔ بریفنگ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں رینجرز ، سندھ پولیس اور تمام متعلقہ اداروں کو ضابطہ اخلاق ارسال کیا جا چکا ہے اور مویشی منڈیوں کو مختص مقامات سے تجاوز کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ وہ مویشیوں کے تاجروں سے رابطہ کرکےضابطہ اخلاق سے متعلق آگاہ کیا جائے اور قیمتیں بڑھنے سے روکنے کے بھی اقدامات کئے جائیں۔

Comments (0)
Add Comment