متحدہ سے پی ایس پی میں آنیوالے 2 دہشت گرد گرفتار

کراچی ( رپورٹ: توصیف سلمان) متحدہ سے پی ایس پی میں آنیوالے مختلف مقدمات میں ملوث دہشت گردوں کیخلاف سیکورٹی اداروں نے گھیرا تنگ کردیا۔ کراچی ڈویژن کے رکن سرفراز عرف نورا اور کارکن عدنان قریشی کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، جس سے پی ایس پی میں آنے والوں میں کھلبلی مچ گئی ہے، بیشتر دہشت گردوں نے بیرون ملک فرار کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ ذرائع نے‘‘امت’’ کو بتایا کہ گزشتہ چند روز میں متحدہ ملیر کا سابق سیکٹر انچارج اور موجودہ پی ایس پی کراچی ڈویژن کا رکن سرفراز عرف نورا اور پی ایس پی شاہ فیصل ٹاؤن کا رکن عدنان قریشی کی گرفتاری پر متحدہ دہشت گردوں میں کھلبلی مچ گئی ہے اور انہوں نے بیرون ملک فرار کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ مختلف مقدمات میں ملوث متحدہ گلبہار سیکٹر کا سابق ذمہ دار اور پی ایس پی ٹاؤن ممبر ریحان عرف ٹاپ 2 روز قبل ہی بیرون ملک فرار ہوچکا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتاری سے بچنے کیلئے متحدہ سے پی ایس پی میں شامل ہونے والے مختلف مقدمات میں مطلوب دیگر دہشت گردوں نے بھی فرار کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف مقدمات میں ملوث متحدہ سے پی ایس پی میں شامل ہونے والوں میں فیڈرل بی ایریا کا افتخار عالم، سابق سیکٹر انچارج لانڈھی اور پی ایس پی کراچی ڈویژن کا رکن منظور لمبا، برنس روڈ سیکٹر کا اکرم فور مین، نارتھ کراچی سیکٹر کا ضیا مہدی، نارتھ ناظم آباد سیکٹر کا حارث، نیو کراچی سیکٹر کا اظہر لمبا، نیو کراچی سیکٹر کا سلمان کمانڈو، نارتھ کراچی سیکٹر کا شاداب، گلبہار سیکٹر کا ریحان عرف ٹاپ، متحدہ گلبہار سیکٹر کا سابق انچارج اور پی ایس پی کے کراچی ڈویژن کا رکن فیصل عرف موٹا، نارتھ ناظم آباد سیکٹر کا فیصل عرف پٹنی، سابقہ لیاقت آباد سیکٹر رکن اور پی ایس پی ٹاؤن ممبر جاوید کاتیا، متحدہ لیاقت آباد کا سابق یونٹ انچارج اور موجودہ پی ایس پی ٹاؤن انچارج یاسین، متحدہ نیو کراچی سیکٹر کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کے سربراہ محمود کمانڈو کا دست راست اور پی ایس پی کراچی ڈویژن کا رکن عدنان سمیت متعدد افراد کی جلد گرفتاریوں کا امکان ہے۔

Comments (0)
Add Comment