تحریری معاہدہ-عمران نے اختر مینگل کے 6 نکات مان لئے

کوئٹہ (نمائندہ امت ) وزارت عظمی کے ووٹ کیلئے عمران خان نےبلوچ قوم پرست رہنما سردار اختر مینگل کے 6 نکات مان لئے جن میں لاپتہ افراد کی بازیابی، افغان مہاجرین کی واپسی سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔بی این پی مینگل سے تحریری معاہدے کیلئے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی خصوصی طیارے پر کوئٹہ پہنچے ۔مفاہمتی یادداشت پربی این پی مینگل کی طرف سے سردار اختر مینگل، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، آ غا حسن بلوچ جب کہ پی ٹی آئی کی طرف سے شاہ محمود قریشی جہانگیر ترین اور سردار یار محمد رند نے دستخط کیے۔ دونوں جماعتوں نے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی، لاپتہ افراد کی بازیابی، صوبے میں ڈیمز کی تعمیر، وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے کوٹے پر عملدرآمد، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سمیت دیگر معاملات پر اتفاق کرتے ہوئے طے کیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل) مرکز میں تحریک انصاف کے نامزد وزیراعظم اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی حمایت کریگی ۔سردار اختر مینگل کی رہائش گاہ پر مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ مذاکرات اور طے پانے والے معاہدے سے پی ٹی آئی چیرمین کو آگاہ کردیا گیا ہے ۔ بلوچستان ملک کی اہم اکائی ہے اور ہم وفاق اور پاکستان کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف وفاق کی علامت ہے ہم نے بی این پی کے ساتھ مزاکرات میں ایک دوسرے کے نکتہ نظر کو سمجھنے کی کوشش کی ۔ سردار اختر جان مینگل نے کوئٹہ آمد پر پی ٹی آئی کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں 6 نکاتی ایجنڈے پر مشاورت ہوئی اور آج ہم بلوچستان کے ایشوز پر ایک تاریخی دستاویز تیارکرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے 70 سالہ زخموں پر مرہم رکھنےکی ضرورت تھی ۔ دونوں جماعتوں کی مشاورت سے طے پانے والا یہ معاہدہ بلوچستان سے محرومی کے احساس کو ختم کردے گا۔ بعد میں تحریک انصاف کے وائس چیرمین نے معاہدے کی دستاویز میڈیا کے سامنے پیش کیں۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment