نئی دلی(امت نیوز)بھارتی ریاست تامل ناڈو کے5بار وزیراعلیٰ رہنے والے مٹھوویل کروناندھی کی آخری رسومات کے دوران دم گھٹنے اور بھگدڑ مچنے سےمعمر خاتون سمیت 2افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔کرونا ندھی منگل کو94برس کی عمر میں چل بسے تھے۔تامل ناڈو کے دیگر بڑے سیاستدانوں کی طرح کرونا ندھی کو جلانے کے بجائےمرینا بیچ کے تاریخی قبرستان میں دفنا دیا گیا ہے۔کرونا ندھی کی ارتھی کا جلوس راجہ جی ہال سے مرینا بیچ لے جایا گیا۔مدراس ہائیکورٹ نے کروناندھی کو مرینا بیچ قبرستان میں دفنانے کی اجازت دی تھی ۔تدفین کے موقع پر کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی اور آندھرا پردیش کے وزیرا علیٰ چندرا بابو نائیڈو بھی موجود تھے ۔اداکار رجنی کانت اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نےانتقال کی خبر پھیلتے ہی ان کے گھر میں پہنچ گئے تھے ۔ تامل ناڈو حکومت نے ان کے انتقال پر 7روز کے سوگ کا اعلان کیا ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ تامل ناڈو کے بیشتر سیاست دان برہمنی نظام کے خلاف دراوڑ جہدوجہد منسلک رہے ہیں۔تامل ادب کے پروفیسر ڈاکٹر وی اراسو اور مدھوکر اپادھیائے کا کہنا ہے کہ دراوڑ جدوجہد میں شریک لوگوں نے برہمنوں کےہر عقیدے کی نفی کی اور اسے جھٹلایا ہے ۔تحریک کے عروج کے دنوں میں بہت سے مندراور بتوں کے علاوہ برہمن سماج کے رواجوں کو توڑا گیا ۔لوگوں نے زندگی بھگوان سے خالی ہونے پر سیاستدانوں ، اداکاروں و اداکاراؤں کے مندر بنالئے ۔