اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران کی دوبارہ گنتی رُکوانے کی بھاگ دوڑ تھوک کر چاٹنے کے مترادف ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خواجہ سعد رفیق کا گنتی رکوانے کی درخواست پر ردعمل میں کہنا ہے کہ دوبارہ گنتی رُکوانے سے واضح ہوگیا کہ دال میں کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے، عمران جھرلو وزیراعظم اور ان کی حکومت جبر اور دھاندلی کی پیداوار ہوگی۔سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران کو 680 ووٹوں سے جیتا ہوا بتایا گیا تھا لیکن 2835 مسترد ووٹوں اور صرف 5 پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی میں عمران کے 117 ووٹ کم ہوچکے۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کو مکمل نظرانداز کردیا گیا ہے اور مجھے نئے قانون کے مطابق دوبارہ گنتی کے بنیادی حق سے محروم کردیا گیا ہے۔