کراچی (اسٹاف رپورٹر) سانحہ کوئٹہ میں 80 سے زائد وکلا کی شہادت پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے تحت یوم سوگ منایا گیا۔ وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور شہید وکلا کے ایصال ثواب کیلئے قران خوانی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ کوئٹہ کا ایک سال مکمل ہونے پر سندھ بار کونسل کی اپیل پر وکلا نے یوم سوگ منایا اور عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا۔ اس موقع پر کراچی بار میں شہدا کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد کئے گئے اور قرآن خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پر صدر کراچی بار امام رضوی کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ میں شہید وکلا کے اہل خانہ مراعات نہیں انصاف چاہتے ہیں، ملزمان کی نشاندہی کے باوجود ریاستی مشینری کام کرنے سے قاصر ہے، کوئٹہ دھماکے کے نقوش آج بھی ہمارے دل و دماغ پر چھائے ہیں، ہم شہدا کی قربانیاں فراموش نہیں کر سکتے۔