کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی نے اپنے 2 پلاٹوں سے قبضہ ختم کرالیا، لینڈ مافیا نے جامعہ کی اراضی پر غیر قانونی بار بی کیو اور فوڈ پوائنٹس قائم کر رکھے تھے، قبضہ ختم کرانے کیلئے تھانہ گلستان جوہر کو خط بھی لکھاگیا تھا، تاہم انہوں نے کوئی مددنہ کی۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی روڈ گلستان جوہر بلاک 2 میں واقع جامعہ کے پلاٹ نمبر SB-11/12 پر جامعہ انتظامیہ نے اپنی مدد آپ کے تحت قبضہ ختم کرالیا ہے۔ کے ڈی اے ریکارڈ سے معلوم ہوا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر جامعہ کی کل 7.25 ایکڑ اراضی ہے، جس پر 1996 سے کئی شہری دعویدار بنے ہوئے ہیں، جن کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ پلاٹ پر قبضہ مافیا نے غیر قانونی ریسٹورنٹ قائم کر رکھے تھے جنہیں واگذار کرانے کیلئے جامعہ انتظامیہ نے گلستان جوہر پولیس کو معاونت کیلئے خط بھی لکھا تاہم کوئی مدد نہ کی گئی۔ معلوم ہوا ہے کہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان نے شیخ زید اسلامک ریسرچ سینٹر کے بالمقابل مین یونیورسٹی روڈ پر جامعہ کے پلاٹ پر قائم تجاوزات کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے کیمپس سیکورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر محمد زبیر کو ہدایت کی کہ وہ پلاٹ فوری واگذارکرائیں، جس پر نے سیکورٹی عملے کے ہمراہ جا کر قبضہ واگذارکرالیا اور انہیں متنبہ کیا کہ وہ آئندہ جامعہ کی زمین پر تجاوزات سے گریز کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ مذکورہ قطعہ اراضی پر 4 مختلف اقسام کے فوڈ پوائنٹس کو ہٹایا گیا ہے۔