بیونس آئرس/ کوالا لمپور(امت نیوز)ارجنٹائن کے سابق نائب صدر امادو بودو کو کرپشن کے جرم میں 5 برس قید اور جرمانے کی سنادی گئی۔انہیں تا حیات کسی بھی سرکاری عہدے کے لئے بھی نا اہل قرار دیا گیا ہے۔امادو کو وفاقی فوجداری عدالت سے ’’چیکونی کیس‘‘ کے سلسلے میں سزا سنائی ہے، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی من پسند ’’چیکونی پرنٹنگ کمپنی‘‘ کو سرکاری ٹھیکہ دلوایا جس کے بدلے اس کمپنی سے کمیشن وصول کیا۔ چیکونی پرنٹنگ کمپنی ارجنٹا ئن کی واحد نجی کمپنی ہے جو سرکاری کرنسی نوٹ چھاپتی ہے۔امادو بودو نے 2011 سے 2015 تک صدر کرسٹینا فرنینڈس کے ساتھ خدمات انجام دی تھیں۔دریں اثنا ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق پر سرکاری خزانے میں خورد برد کے مقدمے کے بعد اب منی لانڈرنگ کیس میں بھی فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔نجیب رزاق کے خلاف منی لانڈرنگ کے تین مقدمات ہیں جن میں انہیں 42 ملین ڈالر کی کرپشن کا حساب دینا ہوگا بصورت دیگر منی لانڈرنگ کے ہر مقدمے میں ملائیشیا کے سابق وزیراعظم کو 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔