عمران کو حلف سے روکنے کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں عمران خان کو وزیراعظم کا حلف اٹھانے سے روکنے کیلئے آئینی درخواست دائر کردی گئی ہے ۔ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے وکیل عبدالوہاب ایڈووکیٹ نے عمران خان ، الیکشن کمیشن ، ریٹرننگ آفیسر اور الیکشن اپیلیٹ ٹربیونل کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان صادق و امین نہیں۔انہوں نے موقف اپنایا کہ عدالتی حکم پر سیتا وائٹ کیس فیصلے کی مصدقہ نقل بھی جمع کرادی ۔ درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عبدالوہاب ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف ہے کہ عمران خان62ون ایف کے تحت پارلیمنٹ کے رکن بننے کیلئے بھی نا اہل ہیں۔ہم نےرٹ کے ساتھ امریکی عدالت کا فیصلہ لف کر دیا ہےجس میں ٹیریان کو عمران خان کی بیٹی قرار دیا گیا ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے تک کیس کی پیروی کی جائے گی ۔ہم سمجھتے ہیں کہ جب عمران خان رکن پارلیمنٹ بننے کے اہل نہیں تو وہ وزیر اعظم کیسے بن سکتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment