مظفرآباد(نمائندہ امت)آزاد جموں و کشمیر احتساب بیورو نے ٹھیکیدار رانا محمد الیاس ولد رانا محمد اقبال کو عمارت ہائی سکول نڑدجیاں تحصیل جہلم ویلی کی تعمیر میں مبینہ کرپشن اور جعلی سازی کے ضمن میں گرفتارکر لیا ہے۔احتساب بیورو کی تفتیشی ٹیم نے ملزم مذکور کو گرفتار کرتے ہوئے سیف ہاؤس تھوری منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہائی سکول نڑدجیاں تحصیل جہلم ویلی کی تعمیر کا کام تقریباً07 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا۔ ٹھیکیدار کی جانب سے متذکرہ سکول کی تعمیر کا کام انتہائی ناقص کروایا گیا ۔محکمہ تعلیم کی جانب سے پنچ لسٹ تیار کرتے ہوئے ٹھیکیدار کو متعلقہ نقائض دور کرنے کی ہدایت کی لیکن ملزم مذکور کی جانب سے نقائض کو دور نہ کیا گیا۔ملزم مذکور نے جعلی طور پر از خود محکمہ تعلیم کی جانب سے NOC تیار کر کے حکام محکمہDRU مظفرآباد کو پیش کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے بلات مرتب کروائے جس وجہ سے خزانہ سرکار کو نقصان پہنچا اور کروڑوں روپے مالیت کا یہ پراجیکٹ ضائع ہو گیا۔ ملزم مذکور کو کل احتساب عدالت مظفرآباد میں جسمانی ریمانڈ کیلئے پیش کیا گیا۔مزید ملوث پائے جانے والے آفیسران/اہلکاران کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔