کراچی(ٹی وی رپورٹ) کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 کے ریٹرننگ افسر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھا گیا ایک خط بدھ کے روز ذرائع ابلاغ کے سامنے آگیا ،جس میں ریٹرننگ افسر کامران عطا سومرو نے کہا ہےکہ مذکورہ حلقے کے نتائج رات 2 بجے تک موصول نہیں ہوئے۔ این اے 243 سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کامیاب قرار دیئے گئے ہیں۔ نجی ٹی وی چینلز کے مطابق این اے 243 کے ریٹرننگ افسر نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ انہیں نتائج رات 2 بجے تک پریزائیڈنگ افسران سے موصول نہیں ہوئے تھے ،جبکہ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم بھی بیٹھ گیا تھا۔ اگلے روز مینوئل طریقے سے نتائج موصول ہونے پر انہوں نے نتائج الیکشن کمیشن کو بھیجے ۔ ریٹرننگ افسر کے مطابق را ت 2 بجکر 23 منٹ پر انہوں نے بذریعہ ای میل متعلقہ حکام کو اس معاملے سے آگاہ کردیا تھا۔