اینٹی کرپشن نے راحیلہ مگسی کے خلاف انکوائری بند کردی- رپورٹ پیش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر راحیلہ مگسی کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن نے رپورٹ پیش کر دی۔ رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کر دیا گیا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے راحیلہ مگسی کے خلاف انکوائری بند کردی ہے۔ بدھ کو جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں جسٹس رشید احمد سومرو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر اینٹی کرپشن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے راحیلہ مگسی کے خلاف انکوائری بند کردی ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق راحیلہ مگسی 2005 میں ٹنڈوالہیار کی ناظمہ تھی۔ راحیلہ مگسی نے ضلع میں 74ایکڑ سرکاری زرعی زمین اپنے بیٹے اور بیٹی کے نام منتقل کی۔ ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے معاملہ اینٹی کرپشن کمیٹی ون کو بھیجا گیا۔ راحیلہ مگسی پر سرکاری فنڈز میں کرپشن اور بدعنوانی کا الزام تھا۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ میاں محمد نواز شریف کو جلسے میں بلانے پر جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں اور ان کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی ہورہی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے 10برس پرانے الزامات کے تحت راحیلہ مگسی کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج کیا گیا اور پیپلز پارٹی کی ایما پر انتقامی کارروائی کے تحت 2005کے معاملات کی انکوائری کی جارہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment