تنخواہیں نہ بڑھنے پر بلدیہ کورنگی کے ملازمین عید آپریشن سے انکاری

کراچی(رپورٹ: نعمان اشرف)تنخواہیں نہ بڑھانے پر ڈی ایم سی کورنگی کے ساڑھے 4ہزار ملازمین نے عید الاضحیٰ کے روز فرائض انجام دینے سے انکار کردیاہے۔ ڈی ایم سی کورنگی نیررضا نے آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئےتاحال کوئی انتظام نہیں کیا، جس کی وجہ سے لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل اور ملیر کے لاکھوں مکین عید کے روزاذیت میں مبتلا ہوجائیں گے۔ سینٹری ملازمین کے مطابق کچھ روز قبل اعلان کیا گیا تھا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ کیا جائے گا، مذکورہ نوٹیفکیشن نیررضا کو بھی موصول ہوا، جس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ ’’امت‘‘ کو ملازم نے بتایا کہ کچھ روز قبل اپنی تنخواہ لینے دفتر گیا تو مجھ سمیت تمام ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا، جس پر ملازمین نے نیررضا سے ملاقات کی۔ نیر رضا نے ملازمین کو بتایا کہ آپ کی تنخواہ کا نوٹیفکیشن ضرور موصول ہوا ہے مگر میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔ جس پر ملازمین نے نیررضا کیخلاف احتجاج بھی کیا جو بعدازاں جھوٹی تسلی کے بعد ختم کردیا گیاتھا۔ ملازم نے بتایا کہ 10دن گزرنے کے بعد بھی نیررضا نے اضافی تنخواہ نہیں دی، البتہ ہمیں عیدالا ضحیٰ کیلئے پابند کیا جارہا ہے، جس پر تمام ملازمین نے عیدالاضحیٰ پرکام کرنے سے معذرت کرلی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ عید الاضحیٰ میں 2ہفتے رہ جانے کے باوجود آلائشیں ٹھکانے لگانے کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ پر کورنگی سو کوارٹرز، شرافی گوٹھ اور ملیر ندی کے قریب 20سے25فٹ کھدائی کی جاتی ہے، جس میں آلائشیں دفن ہوتی ہیں، تاہم اب تک ان مقامات پر کسی قسم کے انتظامات نہیں کئے گئے ہیں، نیررضا کی نا اہلی و سست روی کے باعث لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل اور ملیر کے لاکھوں مکین بقر عید پر اذیت میں مبتلا ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ عیدالاضحیٰ میں بھی نیررضا آلائشیں اٹھانے میں ناکام ہوگئے تھے اور اس بار بھی نیئررضا لاکھوں کو مکینوں کو اذیت میں مبتلا کردیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ آلائشیں اٹھانے کیلئے ڈی ایم سی کورنگی کو 8ٹرک، 2شاول اور 50سے زائد سوزکیاں الاٹ کی جاتی ہیں، تاہم اب تک مذکورہ گاڑیوں کے ڈرائیورز کو بھی عیدالاضحیٰ کے روز فرائض کیلئے آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی ایم سی چیئرمین نیر رضا سے رابطہ کیا گیا تو ان کا نمبر مسلسل بند جارہا تھا۔

Comments (0)
Add Comment