عمران سے امریکی سفیر کی ملاقات-ایرانی صدر کا فون

اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) تحریک ا نصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پا کستان ا مریکہ کے سا تھ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پرتعلقا ت کا خوا ہش مند ہے۔ قائم مقام امریکی سفیر جان ایف ہوور کی قیادت میں وفد نے بدھ کوبنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈاکٹر وسیم شہزاد ، نعیم الحق ، فواد چوہدری، اسد عمر اور علی زیدی بھی موجود تھے۔ قائم مقام امریکی سفیر نے چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل استحکام کا خواہش مند ہے۔ افغانستان کا استحکام پاکستان، امریکہ اور خطے کے مفاد میں ہے ۔میں نے ہمیشہ افغانستان میں سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔خوشی ہے کہ آج امریکہ سے بھی سیاسی حل کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔جنگ اور قوت کا استعمال افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں ۔انہوں نے کہاپاک امریکہ تعلقات میں اتار چڑھاؤ کی بنیادی وجہ دونوں ممالک میں باہمی اعتماد کا فقدان ہے۔تحریک انصاف امریکہ کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات کیلئے پرعزم ہے ۔امریکہ کے ساتھ مستحکم تجارتی اور معاشی تعلقات کو نہایت اہم سمجھتے ہیں ۔پاکستان کے امریکہ کے ساتھ سفارتی تعلقات میں مزید سرگرمی وقت کا تقاضا ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دورہ امریکہ کا ارادہ رکھتے ہیں۔دریں اثناا یران کے صدر حسن روحانی نے گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف کو ٹیلیفون کیا اور پاک ایران تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم پاک ایران تعلقات میں مزید پختگی اور اضافے کے خواہاں ہیں۔ ایرانی صدر کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو ایران کے دورے کی دعوت دی گئی ،جو انہوں نے قبول کر لی۔عمران خا ن نے کہا کہ پاکستان ایران سے خصوصی تجارتی اور سفارتی تعلقات کا خواہاں ہے۔

Comments (0)
Add Comment