جعلی بھرتیاں-سابق اے ڈی- سپروائزر- ہنڈ ماسٹر کو 13برس قید

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ نے فراڈ، دھوکہ دہی اور جعلی بھرتیاں کرنے سے متعلق کیس میں جرم ثابت ہونے پر مجرمان سابق اے ڈی او ایجوکیشن لیاری ٹاؤن کریم بخش، سپروائزر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لیاری عبدالصمد اور ہیڈ ماسٹر اعجاز حسین کو مجموعی طور پر 13سال قید کی سزا کا حکم دے دیا۔ عدالت نے مجرمان پر مجموعی طور پر فی کس 70ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ بدھ کے روز صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ میں فراڈ، دھوکہ دہی اور جعلی بھرتیاں کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر ملزمان اے ڈی او ایجوکیشن لیاری ٹاؤن کریم بخش، سپروائزر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لیاری عبدالصمد اور ہیڈ ماسٹر اعجاز حسین پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزمان کی ضمانت بھی منسوخ کردی ہے۔استغاثہ کے مطابق ملزم سابق اے ڈی او ایجوکیشن لیاری ٹاؤن کریم بخش نے پی ایس ٹی میں جعلی بھرتیاں کیں اور ایڈوانس سیلری اسکیم کے ذریعے پیسے نکلوائے، ملزمان نے ہیڈ ماسٹر اعجاز حسین کے بھائی غلام حسین کے نام پر رقم نکلوائی تھی، جبکہ غلام حسین سرکاری ملازم نہیں ہے۔ ملزمان نے ملی بھگت سے فراڈ کرتے ہوئے بینک سے رقم نکلوائی تھی۔ کیس میں ملزم غلام حسین مفرور ہے۔ علاوہ ازیں بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے شریک ملزم حسین لوائی کی درخواست ضمانت کی سانحہ کوئٹہ کے موقع پر وکلا کے عدالتی بائیکاٹ کے باعث سماعت 9 اگست تک ملتوی کردی ہے۔

Comments (0)
Add Comment