کراچی(بزنس رپورٹر) چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) عارف یوسف جیوا نے نئی آنے والی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ معیشت کی ترقی، کرپشن کے خاتمے، کاروبار میں آسانیاں اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے تمام سرکاری محکموں کو ڈیجیٹلائز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری محکموں میں کرپشن کا خاتمہ ہو، کاروباری طبقے کوون ونڈو آپریشن کی سہولتیں فراہم اور سرکاری محکموں کے اخراجات کم کئے جائیں، جس کیلئے سرکاری محکموں کو ڈیجیٹلائز کرنا نا گزیر ہے، اس طرح انتظامی امور کی لاگت میں 45فیصد تک کمی ہونے کیساتھ ساتھ معاشی نمو میں بھی 5سے 10فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کے روایتی نظام کی وجہ سے تعمیراتی صنعت کو بھی متوقع فروغ حاصل نہیں ہوسکا۔ متوقع وزیر خزانہ اسد عمر معیشت کی بحالی چاہتے ہیں تو انہیں سب سے پہلے سرکاری محکموں کو ڈیجیٹلائز کرنا ہوگا۔