سیوریج لائن صفائی کے دوران ملازمین کی ہلاکت پر افسر معطل

کراچی (بزنس رپورٹر) ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران 2ہیلتھ ورکرز کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سب انجینئر اسرار احمد کو معطل کرکے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ انہوں نے ہلاک ہونے والے ملازمین افتخار ولد ریاست اور کریم ولد پرویز کی بیواؤں کو فوری طور پر فنانشل اسسٹنٹ کے چیک جاری کرنے کے علاوہ زہریلی گیس سے شدید متاثر ہیلتھ ورکر وسیم کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کردی۔ قبل ازیں واقعے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ افسران پہنچ گئے۔ بعد ازاں اسپتال جا کر ہلاک ملازمین کے لواحقین سے تعزیت اور زہریلی گیس سے متاثر ہونے والے ہیلتھ ورکر کی عیادت کی۔ ایم ڈی نے سپرنٹنڈنگ انجینئر محمد علی شیخ کی سربراہی میں 3رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مین ہولوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے دوران تمام حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

Comments (0)
Add Comment