بلڈنگ افسران نے رہائشی فلیٹوں کے درمیان شوروم کھلوادیا

کراچی (نمائندہ خصوصی)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران نے رہائشی فلیٹ میں ٹرکوں اور شہزور گاڑیوں کا شوروم کھلوادیا بڑی گاڑیوں کا شوروم کھلنے سے فلیٹ میں رہنے والے مکین سخت اذیت میں مبتلا ہیں کئی بار شکایات کرنے کے باوجود کوئی کاروائی نہ ہوسکی جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی جمشیدٹائون 1کے افسران لاکھانی بلڈر کے سامنے بے بس ہیں۔ فلیٹ میں رہائشی مکینوں کا کہنا ہے کے سابقہ ڈی جی کو بھی کئی دفعہ شکایات کی گئی ہے تاہم ابھی تک کوئی کاروائی نہ ہوسکی۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ لاکھانی بلڈر کے اثرورسوخ کی وجہ سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی جمشید ٹائون 1کے افسران کاروائی کرنے سے گریزاں ہیں جبکہ رہائشی فلیٹ میں فروخت کے لئے کھڑی کی گئی بڑی گاڑیوں کی وجہ سے فلیٹ میں رہائش پذیر مکینوں کو اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے کے لئے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیو ایم اے جناح روڈ پر مسلم آباد کو آپریٹوہائوسنگ سوسائٹی کے پلاٹ نمبر 955گلی نمبر 3میں لاکھانی کمفرٹس کے نام سے رہائشی فلیٹ میں غیر قانونی طور پر کار کلب کے نام سے شوروم بنایا ہوا ہے جس میں تمام بڑی گاڑیوں کی خریدو فروخت کی جاتی ہے جبکہ رہائشی فلیٹ میں شوروم کی وجہ سے خواتین اور بچوں کو گھرسےباہر نکلنے میں دشواری ہوتی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاکھانی بلڈر کی جانب سے رہائشی پروجیکٹ کے گرائونڈ فلور کے دو فلیٹوں میں شوروم بنایا گیا ہے فلیٹ کے رہائشی مکین کا کہنا ہے کہ شوروم انتظامیہ کی جانب سے رہائشی فلیٹ کےاندر کی پارکنگ کے ساتھ ساتھ باہر کی پارکنگ پربھی قبضہ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے لاکھانی کمفرٹس میں رہائش پذیر مکین اپنی گاڑیاں اپنے گھر سے دور کھڑی کرنے پرمجبور ہیں۔ لاکھانی کمفرٹس کے مکینوں کا کہنا تھا کے اس شوروم کے خلاف کئی عرصے سے شکایات جمع کروارہے ہیں تاہم لاکھانی بلڈر کے اثرورسوخ کی وجہ سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی ہے اور رہائشی فلیٹس کو کمرشل استعمال کیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فلیٹس مکینوں کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر کاروائی تو نہ ہوسکی اس دوران 2 سے 3 ڈائریکٹر کا تبادلہ ہوگیا ہے تاہم ابھی تک رہائشی فلیٹس میں غیرقانونی طور پر شوروم چلایا جارہا ہے اس ضمن میں لاکھانی کمفرٹس کے مکینوں کی جانب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے نئے آنے والے ڈی جی سے اپیل کی گئی ہے کہ خدارا اس غیرقانونی طور پر چلنے والے شوروم کے خلاف کاروائی کی جائے اور اسے فوری طور پر بند کیا جائے۔

Comments (0)
Add Comment