واشنگٹن(امت نیوز)پاکستان نے افغانستان سے دہشت گردوں کی آمد و رفت روکنے کیلئے افغانستان سے متصل سرحد پر گشت کے لئے ہزاروں سیکورٹی اہلکاروں کی بھرتی کا فیصلہ کر لیا ہے ۔امریکی ٹی وی بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان سے متصل سرحدی علاقے میں گشت کیلئے پاکستان 2برس کے دوران 60 ہزار سیکورٹی اہلکار بھرتی کرے گا۔اس ضمن میں 40 فیصد اہلکار بھرتی کئے جا چکے ہیں ۔گشت کیلئے بھرتیوں کا فیصلہ اس لئے بھی کیا گیا ہے کہ افغانستان سے متصل 1456 کلومیٹر طویل سرحد کے صرف 13فیصد حصےباڑ کی تنصیب مکمل کی جا سکی ہے ۔پاکستان کے متوقع وزیر اعظم امن کیلئے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کر چکے ہیں تاہم یہ واضح نہیں کہ انہیں خارجہ امور پر کس قدر گرفت حاصل ہوگی ۔ تجریہ کاروں کے نزدیک عمران خان ڈھیلے قسم کے وزیر اعظم ہوں گے جو خارجہ امور اور قومی سلامتی کے معاملات پر فوج کی گرفت کو چیلنج نہیں کریں گے ۔پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے 235 مقامات پر آمد و رفت ہوسکتی ہے ۔18 مقامات پر گاڑیوں کے ساتھ بھی گزرا جا سکتا ہے ۔سیکورٹی ماہر اکرام سہگل کا کہنا ہے کہ سرحد پر گشت سے ہر دہشت گرد کا روکا جانا تو یقینی نہیں لیکن اس سے فرق ضرور پڑے گا ۔