طویل جنگ بندی کیلئے افغان حکومت کے طالبان سے رابطے

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طالبان کے ساتھ دوبارہ جنگ بندی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے جلد پیشرفت ہوگی،افغان عوام پائیدار امن کے خواہاں ہیں،بدھ کو کاپیسا میں بجلی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اشرف غنی نے کہا کہ طالبان کے ساتھ جنگ بندی کے لئے کوششیں جاری ہیں اور جلد ہی اس حوالے سےخوشخبری ملے گی انھوں نے کہا کہ امن کے لئے طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں اور امید ہے کہ بات چیت کا مثبت نتیجہ نکلے گا اور افغان عوام کو پائیدار امن کی خوشخبری ملے گی انھوں نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ عید الاضحیٰ پر طویل المدتی اور پائیدار جنگ بندی کا اعلان ہو تاکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جاسکے،افغانستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اشرف غنی نے کہا کہ اصلاحات لائے بغیر افغانستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ہمیشہ بیرونی امداد پر نہیں چل سکتے اس لئے اپنے وسائل پر بھروسہ کرنا ہوگا،دورے کے دوران اشرف غنی نے فوجی حکام کے ساتھ بھی ملاقات کی،فوجی حکام نے اشرف غنی کو صوبے میں سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی،اشرف غنی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ پر طالبان کے ساتھ جنگ بندی بہت اہمیت کی حامل ہے اس سے بیرونی دنیا کو مثبت پیغام جائے گا کہ افغان عوام اپنے مسائل خود حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،طالبان کے ساتھ جنگ بندی کے حوالےسے افغان امن کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کے لئے مختلف صوبوں میں حکام اور طالبان رہنمائوں کے درمیان رابطے ہوئے ہیں جن میں مثبت پیشرفت کی امید ہے،امن کونسل کے ترجمان سید احسان طاہری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہر شخص کی خواہش ہے کہ پائیدار جنگ بندی ہو اور اگر عید پر جنگ بندی ہوجاتی ہے تو اس کے نتیجے میں اعتماد کی بحالی کے اقدامات کرنے میں مدد ملے گی،افغان میڈیا کے مطابق عید الاضحیٰ پر طالبان جنگ بندی کے لئے آمادہ ہوجاتے ہیں تو حکومت نے انھیں کابل میں دفتر کھولنے کی پیش کش کرنے کا فیصلہ کررکھا ہے،یاد رہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان عیدالفطر پر تین دن کے لئے جنگ بندی ہوئی تھی جس بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا گیا تھا جنگ بندی کے دوران طالبان کابل میں داخل ہوئے تھے اوروزرا نے ان کے ساتھ سیلفیاں بنائیں تھیں افغان فوجیوں اور طالبان کی اکٹھے نماز عید ادا کرنے اور عید ملنے کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جنھیں افغان عوام کی جانب سے سراہا گیاتھا۔

Comments (0)
Add Comment