غزہ پر اسرائیلی بمباری سے ماں- بیٹی سمیت 3شہید

غزہ /مقبوضہ بیت المقدس(مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی بمباری سے ماں، بیٹی سمیت 3 فلسطینی شہید جبکہ 8 زخمی ہوگئے ۔ شہید ہونے والوں میں ڈیڑھ سالہ بچی بھی شامل ہے ،جس پر صہیونی فورسز نے راکٹ حملے کا مضحکہ خیز الزام دھر دیا، اسرائیلی فضائیہ نے حماس کے 140 ٹھکانوں پر حملے کئے ،جس کے جواب میں حماس نے بھی راکٹ داغے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔ فضائی حملے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا، محکمہ صحت غزہ کے مطابق حملے میں شہید ہونے والوں میں 2 حاملہ خواتین اور ایک 18 ماہ کی بچی شامل ہے ،جو انہی شہید خواتین میں سے ایک کی بیٹی ہے ،جبکہ شہید بچی کا والد بھی زخمی ہے۔اسرائیلی فوج نے مضحکہ خیز الزام لگایا ہے کہ حملے میں مارے جانے والے افراد اسرائیل پر راکٹ حملے میں ملوث تھے اور ان کا تعلق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس سے ہے۔ اسرائیلی فورسز نے حماس کے 140 ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے ،جس کے جواب میں حماس نے 80 کے قریب راکٹ اسرائیلی علاقے میں فائر کئے، جنوبی اسرائیل میں گزشتہ روز فضائی حملے کا سائرن تقریباً دن بھر بغیر کسی وقفے کے بجتا رہا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔واضح رہے دونوں فریقین کے درمیان حال ہی میں جنگ بندی مذاکرات کے باوجود یہ حملے کئے گئے ہیں۔ دوسری طرف اسرائیل نے سویڈن کے ان 7 امدادی کارکنوں کو ملک سے بے دخل کر دیا ہے ،جنہیں چند روز قبل محصور فلسطینی علاقے غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کے دوران حراست میں لے لیا گیا تھا۔ سویڈن وزیر خارجہ مارگون ولسٹروم نے کہا ہے کہ محصورین غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والے جہاز کو روکنا اور امدادی کارکنوں کو حراست میں رکھنا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

Comments (0)
Add Comment