کوئٹہ(نمائندہ امت ) بلوچستان عوامی پارٹی و دیگر اتحادی جماعتوں نے مجلس عمل کے بغیر حکومت بنانے کا عندیہ دے دیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر رکن صوبائی اسمبلی میر جام کمال نے کہا ہے کہ ہمارے 6جماعتی اتحاد کو بلوچستان اسمبلی میں 50 میں سے 33 ارکان کی سادہ اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ہمارے اتحادیوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وزیراعلیٰ اور اسپیکر کے انتخاب میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنایا جائے گا۔بی این پی اور متحدہ مجلس عمل اگر حکومت کا حصہ بننا چاہیں، تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے، لیکن ہمارا نمبر گیم مکمل ہوچکا ہے ہم بلوچستان کے مسائل کو حل ،کرپشن کا خاتمہ اور گڈگورننس کو یقینی بنائیں گے۔وزارتوں کا فارمولا جلد طے کرلیا جائے گا۔وہ مقامی ہوٹل میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی گروپس کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کررہے تھے۔اس موقع پر نومنتخب ارکان اسمبلی سردار صالح بھوتانی ،سردار یار محمد رند،سید احسان شاہ ،نوابزادہ گہرام بگٹی و دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں نے مشترکہ پارلیمانی لیڈر کے طور پر میرا جبکہ اسپیکر کیلئے میر عبدالقدوس بزنجو کا نام تجویز کیا ہے، جس پر تمام ارکان نے حمایت کا اعلان کردیا ہے۔