لاہور(امت نیوز)صوبائی دارالحکومت میں 8روزقبل لاپتہ ہونے والے 22سالہ نوجوان کو پولیس نے فلم، ٹی وی اور اسٹیج کی اداکارہ مدیحہ شاہ کے گھر سے بازیاب کر لیا،لڑکے احمد کے اہل خانہ کے مطابق احمد کی گمشدگی کی درخواست تھانہ فیکٹری ایریامیں درج کرائی تھی۔احمد کے بھائی زاہدکا کہنا ہے کہ احمد کے دوستوں کی نشاندہی پراداکارہ مدیحہ شاہ کے گھر گئے تھے، پولیس نےمدیحہ شاہ کےگھرکی تلاشی لی تو احمد بازیاب ہوا،میرے بھائی احمد کا ڈیڑھ سال سے مدیحہ شاہ سے تعلق تھا۔لڑکے کی والدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مدیحہ شاہ میرے بیٹےاحمد کو نشہ کرواتی تھی۔مدیحہ شاہ کے گھر سے برآمد ہونے والے نوجوان احمد نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ میں مدیحہ شاہ کے گھر نوکری کے لیے گیا تھا، میرے اہل خانہ کے الزامات غلط ہیں۔دوسری جانب اداکارہ مدیحہ شاہ کا کہنا ہے کہ احمد کے اغوا کا الزام بے بنیاد ہے، اس کے اہل خانہ گزشتہ روز پولیس لے کر میرے گھر آئے اور مجھ پر احمد کے اغوا کا الزام لگایا۔انہوں نے مزید کہا کہ احمد نامی نوجوان 10 ماہ سے بطور ڈرائیور ملازمت کر رہا تھا، جس نے کچھ عرصہ قبل نوکری چھوڑ کر ٹیکسی چلانا شروع کر دی تھی، احمد کے والدین نے ٹیکسی چھین کر اس پر تشدد کیا۔مدیحہ شاہ کا کہنا ہے کہ احمد نے چند روز قبل دوبارہ نوکری کی درخواست کی تھی، اس نے یہ کہہ کر گھر جانے سے انکار کیا تھا کہ گھر والے تشدد کریں گے۔اداکارہ کا مزیدکہنا ہےکہ احمد نے پولیس کو خود بیان دیا ہے کہ اسے کسی نے اغوا نہیں کیا، احمد کے گھر والے پہلے بھی مجھے بلیک میل کرتے رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سارا کھیل بلیک میل کرکے پیسے بٹورنے کے لیے رچایا گیا ہے، الزام لگانے والوں کے خلاف میں خود قانونی کارروائی کروں گی۔