واشنگٹن (ایجنسیاں)امریکہ نے روس پر نئی اقتصادی پابندیاں لگادیں، نئی پابندیاں روسی ڈبل ایجنٹ سرگئی اوراسکی بیٹی یولیا اسکریپال پر مارچ میں برطانیہ میں اعصاب شکن گیس حملے کے باعث لگائی گئیں ہیں ۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران کہا اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ بین الااقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روس نے کیمیائی یا بائیولوجیکل ہتھیار استعمال کیے یا پھر اپنے ہی شہری کے خلاف کیمیائی مہلک گیس استعمال کی ہے۔ برطانوی حکومت نے روس کے خلاف امریکہ کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ امریکہ میں روس کے سفارت خانے نے حملے کی ایک بار پھر تردید کرتے ہوئے پابندیوں کو ظالمانہ قرار دیا ہے۔ روس پر عائد نئی پابندیوں کا اطلاق 22 اگست سے ہو گا اور اس کے بعد روس حساس الیکٹرانک آلات اور دیگر ٹیکنالوجی کو درآمد نہیں کر سکے گا۔