عمران کا سپاہی ہوں سب کو ساتھ لیکر چلوں گا-محمود خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختون کے نامزد وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ کسی کا نہیں عمران خان کا پلانٹڈ بندہ ہوں سب کو ساتھ لے چلوں گا اور ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے اب خیبرپختون میں ہمیشہ تحریک انصاف کی حکومت رہے گی میری جائیداد خاندانی ہے 87کنال کمرشل زمین میں نے نہیں خریدی۔بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے نظریات اور عمران خان کے ساتھ ہوں۔اس سے پہلے بھی خیبر پختون میں ہماری حکومت رہی ہے، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پچھلی حکومت کی پالیسیوں کو جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہیومن ڈویلپمنٹ ہو گی، جس طرح لوگوں نے دوبارہ منتخب کرایا، حکومت ختم ہونے کے بعد بھی ہمیشہ خیبر پختون میں ہماری حکومت ہو گی۔محمود خان نے کہا کہ اللہ نے مجھے میری حیثیت سے زیادہ دیا ہے، مالاکنڈ ٹیکس فری زون ہے جہاں ہماری 87 کینال کمرشل زمین ہے جو میں نے خریدی نہیں بلکہ خاندانی جائیداد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ٹیم ہیں، سب عمران خان کے سپاہی ہیں، پہلے ہی کہا تھا عمران خان نے جس پر ہاتھ رکھا وہ سی ایم ہو گا، آج عاطف خان سے ملاقات کروں گا اور متحد ہوکر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آگے چلنے کی اجازت دے دی ہے اور پارٹی چیئرمین سے مشاورت کے ساتھ خیبرپختون خوا کی کابینہ تشکیل دیں گے۔ دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ میں نے محمود خان کا نام تجویز نہیں کیا۔ وزرات اعلیٰ کیلئے بہت سارے نام زیر غور آئے۔ محمود خان کا انتخاب درست ہے۔ ہم انہیں سپورٹ کریں گے۔ محمود خان پر کرپشن کے الزامات بے بنیاد اور غلط ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کپتان ہیں۔ اپنے کھلاڑیوں کا انتخاب وہ خود کرتے ہیں۔ جو وزارت خان صاحب دیں گے وہ قبول کروں گا۔تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں 180 ارکان اور پنجاب میں حتمی اکثریت حاصل ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حتمی اکثریت حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ اجلاس 13 اگست کوبلانے کے لیے سمری بھجوائی گئی ہے، عمران خان حلف 16،15 یا 17 اگست کو اٹھا سکتے ہیں اور وہ بطور وزیراعظم کہاں رہیں گے اس پر مشاورت ہورہی ہے۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کراچی میں تحریک انصاف کو مینڈیٹ ملا ہے، شہر کے لیے بڑے منصوبے لے کر آرہے ہیں۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ جمعرات کو سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، عمران خان نے پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں کو اندرون سندھ پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے صدر مملکت سے غیر ملکی دورہ ایک دن کے لیے مؤخر کرنے کی درخواست کی ۔انہوں نے کہاکہ وزیر قانون نے قومی اسمبلی کااجلاس بلانےکی سمری صدر کو بھیجی ہے اور صدر مملکت 16 اگست کو باہر جا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں جلد عمران خان حلف اٹھائیں۔

Comments (0)
Add Comment