اسلام آباد ( اے پی پی ) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) نے ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کے معاملہ میں ملوث انوائرنمنٹ ونگ کے دونوں ملازمین کو ملازمت سے برخاست کر دیا ہے۔ ایف نائن پارک انتظامیہ کے مطابق واقعہ میں ملوث شیراز کیانی اور عمر شہزاد نامی ملازمین کو قانون کی سنگین خلاف ورزی پر ملازمت سے برطرف سے کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سی ڈی اے نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ و سینیٹ ہاوٴس کمیٹی کے چیئرمین سلیم مانڈی والا کے احکامات پر پارلیمنٹ لاجز سے 8ٹک شاپس خالی کرا لیں۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور سینٹ ہاوٴس کمیٹی کے چیئرمین کے احکامات پر غیر قانونی ٹک شاپس خالی کرائی گئی ہیں جبکہ پارلیمنٹ لاجز کے 92سابق مکینوں کو بھی نوٹسزز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق نگران حکومت کے قیام کے بعد 31جولائی تک ان کمروں کو خالی کرنے کا سرکلر جاری کیا گیا تھا، قانون کے مطابق پارلیمنٹ کا رکن نہ بننے والوں کو 31جولائی تک کمرے خالی کرنا تھے۔ حکام نے بتایا کہ 20سے زائد سابق پارلیمنٹیرینز نے رضاکارانہ طور پر کمرے خالی کر دیئے ہیں، 15سے زائد سابق پارلیمنٹیرینز نے جلد رضا کارانہ طور پر کمرے خالی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔