کورنگی میں کیبل آپریٹر کے 2گروپوں میں تصادم -ٹرک نذرآتش

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی کے علاقے میں کیبل چلانے پر دو گروپوں میں تصادم ہوگیا جس کے بعد ایک گروپ کے کارندوں نے دوسرے گروپ کے شہزور ٹرک پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔ کورنگی کے علاقے سیکٹر 33 سی میں نامعلوم ملزمان نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شہزور ٹرک نمبر KQ- 0636 پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی اور موقع سے فرارہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر فائر بریگیڈ کی مدد سے ٹرک کو مکمل طور پر جلنے سے بچالیا۔‘‘امت’’ سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او زبیر نواز نے بتایا کہ کورنگی سیکٹر 32 اور 35 بی میں دو کیبل گروپ گلوبل اور ای جی ایم کے درمیان علاقے میں کیبل چلانے پر کئی دنوں سے جھگڑا چل رہا ہے۔بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ای جی ایم کیبل والے شہزور ٹرک کے ذریعے علاقے میں کیبل کے تار ڈال رہے تھے کہ گلوبل کیبل چلانے والے لڑکوں نے موقع پر پہنچ کر شہزور ٹرک کو آگ لگادی اور فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ ای جی ایم کیبل چلانے والے فرید احمد کی مدعیت میں گلوبل کیبل چلانے والے پانچ افراد انجم ، فہیم، عاصم ، علی اور وسیم کے مقدمہ الزام نمبر 304/18 درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

Comments (0)
Add Comment