اسلام آباد (امت نیوز)پاکستانی ٹیم کے سابق سٹار آل رائونڈر شاہد خان آفریدی فٹنس مسائل کے باعث کیریبین پریمیئر لیگ سے دستبردار ہو گئے، انہوں نے ایونٹ میں جمیکا تلاواز کی نمائندگی کرنا تھی۔ آفریدی رواں برس منعقدہ پاکستان سپر لیگ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔ سٹار کرکٹر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بات کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ وہ تاحال بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں جس کی وجہ سے کیریبین پریمیئر لیگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، لیگ میں حصہ نہ لینے کی وجہ سے مایوسی ہو رہی ہے لیکن میں ٹیم کی کامیابیوں کیلئے دعا گو رہوں گا۔ کیریبین پریمیئر لیگ 2018ء میں (آج) جمعہ کو ایک میچ کھیلا جائیگا۔ کیریبیئن پریمیئر لیگ ویسٹ انڈیز میں شروع ہوچکی ہے۔