گھناؤنے جرائم پر 3پاکستانیوں کی برطانوی شہریت منسوخ

لندن (امت نیوز) گھناؤنے جرائم پر 3 پاکستانیوں کی برطانوی شہریت منسوخ جبکہ 9 رکنی گروہ کے سرغنہ کو 22 برس قید کی سزا سنادی گئی ہے ۔ ملزمان پر کم عمر لڑکیاں ورغلانے کا الزام ثات ہونے پر سزائیں سنائی گئیں ۔ گارجین کے مطابق پاکستان اور افغان نژاد افراد پر مشتمل 9 رکنی گروہ پر 13 برس سے کم عمر برطانوی لڑکیوں کو شراب اور نشہ آور چیزوں کے ذریعے بہلا پھسلا کر حیا باختہ کاموں کیلئے تیار کرنے کا الزام ثابت ہونے پر پہلی سنائی گئی سزائیں برقرار رکھی گئیں ۔ 2012 میں گروہ کی سرگرمیاں سامنے آنے پر اسے حراست میں لے لیا گیاتھا ۔ تاہم بعد میں ضمانتوں پر چھوڑ دیا گیا۔اور اب ان میں سے 3 پاکستانیوں عبد العزیز، عبدالرؤف اور عادل خان کی برطانوی شہریت ختم کردی گئی ہے اور کہا جارہاہے انہیں واپس پاکستان ڈی پورٹ کردیا جائیگا۔ جبکہ گروپ کے سرغنہ شبیر احمد کو 22 برس قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ سزا پانے والوں نے عدالتوں میں اپیلیں دائر کیں اور موقف اختیار کیا کہ ان کے بچے برطانیہ میں ہی رہتے ہیں ، انہیں برطانیہ سے بے دخل کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے لہذا شہریت ختم نہ کی جائے اور بیوی بچوں سے جدا نہ کیا جائے مگر ان کی اپیلیں رد کردی گئیں ہیں۔

Comments (0)
Add Comment