کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک لبیک سندھ کے امیر مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے تعاقب کا آغاز داتا دربار سے ہوچکا ہے 12اگست کو درگاہ عبداللہ شاہ غازی پر فاتحہ خوانی کے بعد سوک سینٹر سے نورانی چورنگی نمائش تک احتجاجی مارچ اقتدار کے بھوکے سیاست دانوں کی نیندیں اڑا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ لوگ جشن آزادی نہ منانے کا اعلان کررہے ہیں جن کے اکابرین نے قائد اعظم کو کافر اعظم قرار دیا تھا ۔وہ ٹی ایل پی کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی مفتی قاسم فخری کی قیادت میں وفد سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کراچی غلامان رسول کا شہر ہے ریاست مدینہ بنانے کا دعوی کرنے والوں کے عمل کا ابھی قوم جائزہ لے رہی ہے،عمران خان کی حکومت میں فحاشی، عریانی ،مخلوط ناچ گانوں کی تقریبات کی روایت کو دہرایا گیا تو ریاست مدینہ کے دعووں کا بھرم طشت ازبام ہوجائے گا انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 12اگست کی ریلی میں بھر پور شرکت کرکے پرُامن احتجاج ریکارڈ کرائیں۔