انتخابی ہارجیت نظریاتی تحریکوں کا راستہ نہیں روک سکی- حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ انتخابی ہارجیت نظریاتی تحریکوں کا راستہ نہیں روک سکتی۔ دھاندلی کو دھاندلی ہی کہیں گے اور لوگوں کو بتائیں گے کہ دھاندلی کیسے کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں من پسند نتائج حاصل کیے گئے۔ ملک میں اسلامی انقلاب ضرور آئے گا۔ جماعت اسلامی ایک دعوتی و نظریاتی تحریک اور زندہ اجتماعیت کا نام ہے۔ دعوت کا کام جاری رکھیں گے، مخالفین میں اضافہ کرنے کے بجائے لوگوں کے دل جیتنا چاہتے ہیں۔ ملک میں اللہ کی حاکمیت قائم کرنے کیلئے انتخابی میدان میں اترے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بن قاسم کے تحت مسجد قریشاں لانڈھی میں اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس عمل کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید، امیر جماعت اسلامی بن قاسم عبدالجمیل خان، نائب امیر اور الیکشن سیل کے انچارج اقبال سعید، سیکریٹری مرزا فرحان بیگ اور عارف رحمان نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام سے مسلسل رابطہ قائم رکھا جائے گا۔ نوجوان کو جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر منظم کرینگے۔

Comments (0)
Add Comment