سندھ میں مضبوط اپوزیشن کی دوڑ تیز-شاہ محمود کی پگارا سے ملاقات

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ میں مضبوط اپوزیشن بنانے کی دوڑ تیز ہو گئی، شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پی ٹی آئی کے وفد نے کنگری ہاؤس میں جی ڈی اے کے رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے پر اتفا ق کیا گیا۔ پیر پگارا نے وزیراعظم کیلئے عمران خان کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کرا تے ہوئے اعلان کیا کہ جی ڈی اے کے ارکان اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے بھی پی ٹی آئی کی حمایت کریں گے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران مستقبل میں مل کر کام کرنے کی حکمت عملی پر بھی بات ہوئی اور طے کیا گیا کہ وفاقی حکومت سندھ سے متعلق تمام فیصلوں میں جے ڈی اے کو اعتماد میں لے گی۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہاکہ ہم ہر دکھ سکھ میں عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔کوئی شرائط نہیں ہوں گی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں دھاندلی کا رونا رونے والوں کو پہلے سے زیادہ سیٹیں ملی ہیں۔ ہمارے نمبر پورے ہیں ۔ کراچی سمیت سندھ اور ملک کی بہتری کیلئے ہاتھ ملارہے ہیں۔ سب کو ساتھ لیکر چلیں گے اور لوٹ مار کرنے والے طبقے سے نجات دلائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment