قائم علی شاہ کی معزرت پر سراج درانی کےاسپیکر رہنے کا امکان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کی قیادت نے متوقع صوبائی کابینہ کے لئے تقریباً 55اراکین اسمبلی کے نام پر مشتمل فہرست چیئرمین بلاول بھٹو کو دے دی ہے پارٹی چیئرمین ان سے شارٹ لسٹ کرکے 18 وزیروں،5 مشیروں 5 سے 12 معاونین کے ناموں کاانتخاب کریں۔ کے اسمبلی اجلاس 12 اگست کو طلب کرنے کا بھی امکان ہے ناصر حسین شاہ سینئر صوبائی وزیر کی حیثیت ملنے کا امکان ہے جبکہ سید قائم علی شاہ کی معذرت کے بعد آغاسراج درانی کے نہ چاہتے ہوئے بھی ان کے دوبارہ اسپیکر سندھ اسمبلی بننے کا امکان ہے۔ اس ضمن میں باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ نومنتخب تیرہویں سندھ اسمبلی کا اجلاس 12 اگست کو بلائے جانے کا امکان ہے قواعد کے مطابق اسپیکر کی غیر موجودگی میں گورنر سندھ اسمبلی کے پہلے اجلاس کی صدارت کے لئے کسی بھی شخص کو نامزد کرسکتے ہیں۔ جونومنتخب اراکین سے حلف لینے کے ساتھ نئے اسپیکر کا انتخاب کریں گے محمد زبیر کے گورنر سندھ کے منصب سے مستعفی ہوجانے کے باعث اس وقت اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی قائم مقام گورنر سندھ ہیں اس لئے وہ اسمبلی کے اجلاس کی صدارت نہیں کریں گے بلکہ نومنتخب صوبائی اسمبلی کے پہلے اجلاس کی صدارت کے لئے کسی کوبھی نامزد کرسکتے ہیں۔ذرائع کا کہناہے کہ سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس 12 اگست کو بھی طلب کیا جائے تو 15 اگست سے قبل نئے وزیراعلیٰ سندھ کا انتخاب نہیں ہوسکتا کیونکہ 12 اگست کو جب تمام نومنتخب اراکین سندھ اسمبلی حلف اٹھائیں گے اس کے بعد نئے اسپیکر کے انتخاب کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا اعلان کیاجائے گا کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد اسپیکر کے انتخاب کے لئے بیلٹ پیپر شائع کرائے جائیں گے اس طرح نئے اسپیکر کا انتخاب 13 اگست کو ہوسکتا ہے اس طرح ڈپٹی اسپیکر کاانتخاب ہونا ہے جس میں قائد ایوان منتخب کیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہناہے کہ پارٹی کے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ نئے اسپیکر کا انتخاب ہے کیونکہ موجودہ اسپیکر سراج درانی دوبارہ بننا نہیں چاہتے۔ان کی ترجیح وزیر بننے کی ہے۔ قائم علی شاہ کی معذرت کے بعد اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ آغاسراج درانی کو دوبارہ اسپیکر سندھ اسمبلی لئے رضا مند کیاجائے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے جن 55 اراکین کی فہرست تیار کی گئی ہے اس میں ممتاز جکھرانی ، ڈاکٹر سہراب سرکی ، شبیر احمد بجارانی، امتیاز احمد شیخ ، سہیل انور سیال ، گنہور خان اسران ، نادر مگسی ، برہان الدین چانڈیو، سرورچانڈیو ،علی نواز مہر، ناصر حسین شاہ ، اویس شاہ ، فرح شاہ ، ، ساجد بھابھن ، نعیم کھرل ، مرادعلی شاہ سینئر، غلام قادر چانڈیو ، عذرہ پیچوہو، طارق مسعود آرائیں، جام مدد علی ، فراز ڈیرو، شاہدتھہیم ، سردار شاہ تیمور ٹالپر، محمد قاسم سراج ، ارباب لطف اللہ ، شیر محمد بلالانی، ہری رام کشوری لعل، مخدوم محبوب الزماں، امداد پتافی ، جام خان شورو، عبدالجبار خان ، اسماعیل راہو،ریاض حسین شاہ شیرازی، علی حسن زرداری، ملک اسد سکندر گیانو مل، فیاض بٹ ، بیرسٹر مجیب الرحمان ، عبدالعزیز جونیجو، شہلا رضا، مکیش کمار چاؤلہ ، مرتضی بلوچ، سعید غنی ، جام اکرام اللہ ، عبدالرزاق راجہ محمود عالم جاموٹ ، سرفراز شاہ اور دیگر کے نام شامل ہیں۔

Comments (0)
Add Comment