لاہور(امت نیوز) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر کیپٹن (ر) محمد عابد قادری نے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں شرکت کے لئے مختلف کھیلوں کی ٹیموں کا انڈونیشیا کے لئے روانگی کا سلسلہ (آج) 11 اگست سے شروع ہوجائے گا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ایشین گیمز انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں 18اگست سے شروع ہوں گے کہ ایشین گیمز کے 35ایونٹس میں 359رکنی قومی دستہ حصہ لے گا ۔سید عاقل شاہ دستہ کے چیف ڈی مشن ،ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ عارف ابراہیم ،سیکرٹری ٹیبل ٹینس فیڈریشن احمر ملک دستے کے ڈپٹی چیف ڈی مشن ہوں گے میڈیکل سٹاف میں ڈاکٹر اسد عباس ،سبینا مشتاق اور عبدالقدوس جمالی شامل ہیں ۔پہلے مرحلے میں قومی ہاکی ٹیم ،گیارہ اگست کوانڈو نیشیا روانہ ہوگی اور 18اگست تک دستے کے تمام اراکین وہاں پہنچ جائیں گے ۔قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر دستے کی قیادت کرتے ہوئے پرچم اٹھائیں گے ۔پاکستان سپورٹس بورڈ 24ٹیموں کے 245کھلاڑیوں کے اخراجات اٹھائے گا جبکہ دستے میں دیگر شریک کھلاڑیوں کے اخراجات 12فیڈریشنزاور پی او اے برداشت کرے گی ۔عابد قادری کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز کے لئے تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور ہم کبڈی، ہاکی، کراٹے، شوٹنگ اور دیگر مختلف کھیلوں میں میڈل کے لئے پرامید ہیں۔