بھارتی جیل سے رہا 14 ماہی گیر کراچی پہنچ گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بھارتی جیل سے رہائی پانے والے14پاکستانی ماہی گیر جمعہ کو کراچی پہنچ گئے،وطن پہنچنے کی خوشی میں کینٹ اسٹیشن پرسجدہ ریز ہو گئے۔ اس موقع پر ان کے اہلخانہ فرط جذبات سے آبدیدہ تھے ،چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر نے ماہی گیروں کا استقبال کیا اور ان میں 10ہزار روپے فی کس امدادی رقوم تقسیم کیں۔ بعدازاں ان ماہی گیروں کو ٹھٹھہ کے علاقے میں ان کے آبائی گاؤں بھیجا گیا ۔ بھارتی حکام نے ان ماہی گیروں کو7اگست کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا تھا۔لاہور سے ان کو ایدھی فاؤنڈیشن کے ذریعے ٹرین سے کراچی بھیجا گیا ۔ کینٹ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین شام 5بجے آئی ۔ جبکہ رشتہ دار اور گاؤں کے لوگ صبح سے ہی پہنچے ہوئے تھے۔ آمد پر ماہی گیروں کو ہار پہنائے گئے اور وہ اپنے رشتے داروں کے گلے لگ کر روتے رہے ۔ فشرفورم اور فشر مین سجاگ کے ذمہ داروں نے ماہی گیروں کو گاؤں جانے کے دوران راستے کے لئے کھانے پینے کی اشیا بھی دیں۔ رہا ہونے والوں میں 3کم عمر ماہی گیر رمضان ولد جامو ملاح عمر 12سال ، علی اصغر ولد خمیسو سنگار عمر 14سال، سجادعلی ولد حسین گاجیرو بھی تھے جبکہ دیگر ماہی گیروں میں عبدالغفور ، عبدالرزاق ، علی احمد ، علی اصغر ولد کاتیار حسین ولد طیب کاتیار ، ابو بکر، محمد ، جمیل ، عبدالعزیز ، صدیق، سکندر شامل ہیں۔ مذکورہ ماہی گیروں کا تعلق ٹھٹھہ کے علاقے جنگی سر، یوسف کاتیار گوٹھ ، حاجی اسماعیل کاتیارگوٹھ ، جنگو جلبانی گوٹھ سے ہے۔ اس موقع پر ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ سوادوسال جس طرح گزرے ایک ایک لمحہ ان کے لئے مشکل تھا ۔ پاکستان زندہ واپسی کا امکان کم نظر آتا تھا۔ اب اپنے پیا رے وطن میں آچکے ہیں اور یوم آزادی جوش و خروش سے منائیں گے۔کراچی کینٹ اسٹیشن پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالبر نے بتایا کہ ابھی بھی 103پاکستانی ماہی گیر بھارت کی قید میں ہیں جن کی جلدرہائی کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ بھارت نے لانچیں واپس نہیں کیں۔

Comments (0)
Add Comment