واشنگٹن(امت نیوز) تارکین وطن کےسخت مخالف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا کے والدین کو ’چین مائیگریشن‘ (Chain Migration) کے تحت امریکی شہریت مل گئی۔ دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق خاتون اول ملانیا ٹرمپ کے والدین وکٹر اور امالیجہ نے نیویارک میں شہریت کاحلف اٹھایا۔ سلو وینیا سے تعلق رکھنے والے وکٹر اور امالیجہ مستقل ریزیڈنٹ کے طور پر امریکہ میں مقیم تھے اور میلانیا ٹرمپ نے اپنے والدین کیلئے گرین کارڈ اسپانسر کیا۔ میلانیاکے والد کے وکیل مائیکل ولڈیز کا کہنا تھا وکٹر اور امالیجہ نے اپنے طور پر اپلائی کیا اور انہیں کوئی رعایت نہیں دی گئی۔ واضح رہے کہ ٹرمپ تارک وطن خاندانوں کی مخالفت کرتے آئے ہیں۔ میلانیاکے والد کی عمر 74 برس ہے اور وہ اپنے داماد ڈونلڈ ٹرمپ سے صرف 2 سال بڑے ہیں، جبکہ انکی والدہ امالیجہ 73 برس کی ہیں۔