کراچی (اسٹاف رپورٹر)نشترروڈ پر رکشہ مافیا کے کارندوں نے غلط سمت میں جانے سے روکنے پر ٹریفک پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بناڈالا۔نبی بخش ٹریفک سیکشن میں تعینات ٹریفک کانسٹیبل وسیم علی نشتر روڈ رنچھوڑ لائن پر غلط سمت سے آنے والی گاڑیوں اور رکشوں کو روکنے پر مامور تھا۔ جن کی وجہ سے نشتر روڈ پر ٹریفک کی روانی میں شدید خلل واقع ہوتا ہے، اسی دوران چند رکشہ ڈرائیوروں نے زبردستی غلط سمت سفر کرنے کی کوشش کی،جس پر ٹریفک کانسٹیبل کی جانب سے روکے جانے پر رکشہ مافیا کے کارندوں نے اہلکار پرحملہ کردیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، شور شرابہ ہونے پر دیگر ٹریفک پولیس اہلکار اور تھانہ گارڈن کی گشت پر مامور پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی اور ایک ملزم رضوان کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے بتایا کہ واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر170/18تعزیرات پاکستان کے تحت تھانہ گارڈن پر درج کر لیا گیا اوردیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔